رام اللہ،12جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)مصر کے وزیرخارجہ سامح شکری نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کو ٹیلیفون کر کے انہیں اپنے حالیہ دورہ اسرائیل کے بارے میں اعتماد میں لیا۔ مصری وزیرخارجہ سامح شکری نے صدر محمود عباس کو ٹیلیفون کر کے بتایا کہ انہوں نے اتوار کے روز دورہ اسرائیل کے دوران اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو سے ملاقات کی تھی۔ سامح شکری نے نیتن یاھو کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے بھی صدر عباس کو آگاہ کیا۔فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصری وزیرخارجہ نے صدر عباس کو ٹیلیفون کر کے اپنے دورہ اسرائیل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ مصر اسرائیل کو امن عمل کی بحالی کی طرف لانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مصری حکومت اسرائیل کو سنہ 1967ء کی جنگ سے قبل والی پوزیشن پرواپس لانے، یہودی آباد کاری روکنے اور دیگر سابقہ معاہدوں پرعمل درآمد پر مجبور کرتا رہے گا۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق فلسطین اور مصر کے درمیان مشرق وسطیٰ امن مذاکرات کی بحالی کے لیے رابطے برقرار رکھنے سے اتفاق کیا گیا۔خیال رہے کہ سنہ 2007ء کے بعد کسی مصری وزیرخارجہ کا یہ پہلا دورہ اسرائیل ہے۔ سنہ 2007ء میں اس وقت کے مصری وزیرخارجہ احمد ابو الغیط(عرب لیگ کے موجودہ سیکرٹری جنرل) اپنے اردنی ہم منصب عبداللہ الخطیب کے ہمراہ امن بات چیت کی بحالی کے لیے اسرائیل کے دورے پرآئے تھے۔ انہوں نے اس وقت کے اسرائیلی وزیراعظم ایہود اولمرٹ اور سابق وزیرخارجہ زیپی لیونی سے ملاقات کی تھی۔